بلوچستان حکومت نے صوبے کی جامعات کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلئے 1ارب 35کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کردی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان حکومت نے صوبے کی جامعات کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لئے 1ارب 35کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کردی۔ محکمہ خزانہ بلوچستان کے مطابق بلوچستان حکومت نے صوبے کی جامعات کے لئے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے لئے 1ارب 35کروڑ 83لاکھ 20ہزار روپے جاری کردئیے ہیں۔ محکمہ خزانہ کے مطابق یہ رقم صوبے کی جامعات کو گرانٹ ان ایڈ کے تحت تنخواہوں اور پینشن کی مد میں اداکی گئی ہے۔ محکمہ خزانہ کے مطابق صوبے کی جامعات کے لئے گرانٹ کی تقسیم کے نئے فارمولے کے تحت تیسری سہ ماہی میں بیوٹمز کو 27کروڑ 35لاکھ 80ہزار،جامعہ بلوچستان کوئٹہ کو 22کروڑ 24لاکھ 60ہزار، لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگری کلچر وائٹر اینڈ میرین سائنسز لسبیلہ کو 15کروڑ 68لاکھ 50ہزار، سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کو 14کروڑ33لاکھ 60ہزار،خضدار یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کو 13کروڑ 20لاکھ 50ہزار،یونیورسٹی آف تربت کو 9کروڑ 57لاکھ 10ہزار، بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل سائنسزکوئٹہ کو 8کروڑ 68لاکھ 40ہزار،یونیورسٹی آف گوادر کو 6کروڑ 94لاکھ 40ہزار،میر چاکر رند یونیورسٹی سبی کو 6کروڑ 15لاکھ 30ہزار، جامعہ لورالائی کو 5کروڑ 91لاکھ 10ہزار، یونیورسٹی آف مکران پنجگور کو 4کروڑ 73لاکھ 90ہزار جبکہ جامعہ بلوچستان کے سب کیمپس خاران کو 1کروڑ روپے کی رقم کا اجراء کیا گیا ہے۔