ایس بی کے کے زیر اہتمام ہونے والی بھرتیوں میں امیدواروں کے اعتراضات کو دور کیا جائے،صالح محمد ناصر
سبی (ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری تعلیم بلوچستان صالح محمد ناصر اور کمشنر سبی ڈویژن سید زاہد شاہ کی زیر صدارت سی آر سی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ ایجوکیشن کی خالی اسامیاں کو پر کرنے کے لیے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے زیر اہتمام امیدواروں کی جانب سے اعتراضات زیر غور لائے گئے اعتراضات جمع کروانے والے امیدواروں نے کمیٹی کے روبرو پیش ہو کر تمام خدشات بیان کیے ریکروٹمنٹ کمیٹی کے ممبران نے امیدواروں کی جانب سے پیش کیے گئے اعتراضات کا جائزہ لیا اس موقع پر سیکرٹری تعلیم صالح محمد ناصر اور کمشنر سبی ڈویژن سید زاہد شاہ نے کہا کہ امیدواروں کی جانب سے جو خدشات سامنے آ رہے ہیں ان کا تدارک کرنا انتہائی ضروری عمل ہے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ اعتراضات کو سنے بغیر دیگر امور زیر غور لائے جائیں ہم مرحلہ وار تمام امیدواران کے اعتراضات سنیں گے تاکہ کسی قسم کے خدشات باقی نہ رہیں صاف اور شفاف انداز سے حقدار لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں سی آر سی کے ممبران اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی کمیٹی پر جو ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں انشاء اللہ انہیں صحیح معنوں میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا حکومت بلوچستان کی جانب سے ہمیں ہدایات دی گئی ہیں کہ ایس بی کے کے زیر اہتمام ہونے والی بھرتیوں میں امیدواروں کے اعتراضات کو دور کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کے خدشات سامنے نہ آ سکیں اس حوالے سے تمام امور کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لیا جا رہا ہے۔