بلوچستان ہائی کورٹ کا صوبے کے ہسپتالوں میں جاری گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبے کے ہسپتالوں میں جاری گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت عالیہ کے جسٹس کامران خان ملاخیل اور جسٹس شوکت علی رخشانی پر مشتمل بینچ نے توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران یہ فیصلہ سنایا۔عدالت نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیداروں کو ہسپتالوں، ایمرجنسی سینٹرز، ٹراما مراکز اور دیگر اہم خدمات بند نہ کرنے کی ہدایت کی۔ ساتھ ہی، محکمہ صحت کے سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی تاکید کی۔عدالت نے مزید کہا کہ کسی بھی خلاف ورزی یا کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ملازمین کو عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔حکومت بلوچستان نے ضروری خدمات کے تحت صحت کے اداروں کو ہڑتال سے مستثنی قرار دے دیا ہے، اور ڈاکٹرز کو ہڑتال یا اپنے ساتھیوں کو خدمات سے روکنے کی اجازت نہیں۔