فیض حمید کیس میں دباؤ ڈالنے کے لیے سول نافرمانی کی کال دی گئی،فیصل واوڈا

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)، سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے فیض حمید کے کیس کی کارروائی پر دباؤ ڈالنے کے لیے سول نافرمانی کی کال دی۔سینیٹر فیصل واوڈا ایم کیو ایم کے مرکزی آفس بہادرآباد، کراچی پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واڈا ون مین آرمی ہیں ہر طرف چھائے ہوئے ہیں، پاکستان کو جوڑنے اور سیاسی قوتوں کو ایک جگہ لانے کا کام بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے نہیں ہوا، یہ کام اکیلے فیصل واوڈا کررہے ہیں، ان کی پوری تائید اور سپورٹ کرتے ہیں، ان کے لیے جو کردار ادا کرسکیں گے کریں گے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا قومی مقصد ہے، مصطفی کمال اور میری یکساں فطرت ہے، پیار سے بھی کام کرانا جانتے ہیں اور ہاتھ مروڑ کر بھی، ہمیں سب کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا، روز لاشیں گرانا دھرنے اور ناانصافی اب پاکستان برداشت نہیں کرسکتا، تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہوگا اس کا احترام کرنا ہوگاانہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی کی جان کو خطرہ ہے، وزیر اعلی کے پی کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی، ایم کیو ایم کی قیادت فضل الرحمان سے ملاقات کریگی، مولانا کے بل کے حوالے سے ہم مل کر کوئی راستہ نکالیں گے، میں وہ نہیں جو اندر خانے اسٹیبلشمنٹ کے پیر پڑے اور باہر آکر برا بھلا کہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں بھی بہت اچھے لوگ ہیں، تحریک انصاف اگر اپنا قبلہ درست کرے تو بہتر ہوگا، بیگم اور ان کے حواریوں سے بانی تحریک انصاف کی جان بچانی ہے، آج کہیں سب سے زیادہ مخلص کوئی عمران خان کے ساتھ ہے وہ ان کی بہنیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی کال دی ہے، 14 تاریخ فیض حمید کی پروسیڈنگ پر پریشر ڈالنے کے لیے مقرر کی لیکن یہ پروسیڈنگ اس سے پہلے شروع ہو جائیگی، اسٹیبلشمنٹ کوئی سودا نہیں کررہی، حکومت کے پاس جاؤں گا کہ وہ فیملی کارپوریشن کی طرح حکومت نہ چلائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے