جمعیت حکومت کے ساتھ طے شدہ تحریری معاہدے سے ہٹ کر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے، میرصادق عمرانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن و بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر ایری گیشن میر صاد ق عمرانی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام حکومت کے ساتھ طے شدہ تحریری معاہدے سے ہٹ کر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے ہم جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں وہ اپنی زبان اور معاہدے کی پابندی کریں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں میر صادق عمرانی نے کہا کہ وفاقی وزرات تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت حکومت پاکستان اور اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے درمیان 2019ء میں تحریری معاہدہ ہوا تھا جس کے مطابق تمام مدارس کو بینک اکاؤنٹس کھولنے اور غیرملکی اساتذہ و طلباء کو حکومت پاکستان کے قواعدو ضوابط کی مطابق ویزا پالیسیوں کی پابندی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان دینی مدارس کے حوالی سے اپنے طے شدہ تحریری معاہدے سے ہٹ کر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے جوکہ نہ صرف حکومتی معاہدے بلکہ موجودہ حالات کے تناظر میں قومی سلامتی کے حوالے سے ایک اہم نکتہ ہے لہذا جمعیت علماء اسلام پانی سیاسی عزائم سے بالاتر ہوکر ملک کی یکجہتی کو فروغ دینے اورقومی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے وعدے اور تحریری معاہدے کی پاسداری کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمن کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے انکو بھی اپنی زبان اور معاہدے کی پابندی کرنی چاہئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے