صدرآزاد کشمیر کی حکومت کو آرڈیننس فوری واپس لینے اور گرفتار افراد کی رہائی کی ہدایت
برارکوٹ(ڈیلی گرین گوادر)،آزاد کشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری نے حکومت آزادکشمیر کو پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس فوری واپس لینے کی ہدایت کردی۔آزاد کشمیر میں صدارتی آرڈیننس کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی اور وزرا کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے لانگ مارچ شروع کردیا۔عوامی ایکشن کمیٹی اور وزرا کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد مظفر آباد میں مظاہرین انٹری پوائنٹ برارکوٹ کی جانب روانہ ہوئے اور لانگ مارچ برارکوٹ کے مقام پر پہنچ گیا۔ پونچھ ڈویژن میں میں مظاہرین نے کوہالہ انٹری پوائنٹ اور پلندری میں ڈھلکوٹ کے انٹری پوائنٹ کو بند کردیا۔
تاہم اب صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حکومت آزادکشمیر کو پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس فوری واپس لینے کی ہدایت کردی۔صدر آزاد کشمیر نے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو خط لکھ کر ہدایت کی۔ صدر آزاد کشمیر نے حکومت کو آرڈیننس کے تحت گرفتار افراد کی فوری رہائی کا بھی حکم دیا۔حکومت آزاد کشمیر نے فوری طور پر صدر آزاد کشمیر کی ہدایت پر کارروائی کا آغاز کر دیا۔
یاد رہے کہ حکومت آزاد کشمیر نے ایک ماہ قبل صدارتی آرڈیننس کے ذریعے احتجاجی جلسے، جلوس اور مظاہروں پر پابندی لگائی تھی، صدارتی آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 7 سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔3 دسمبر کو آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے حکومت کا متنازع صدارتی آرڈیننس معطل کردیا تھا۔