پاکستانی خواتین خاص کر بلوچستان کی خواتین باشعور،باہمت اور تعلیم یافتہ ہیں،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے اور کوئی بھی معاشرہ خواتین کی شرکت کے بغیرتکمیل نہیں پا سکتا۔ خواتین کو جو حقوق دین اسلام نے دیئے ہیں مغرب میں ان کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی فلاح و بہبود اور یکساں ترقی ہے۔ملک کو اس وقت مضبوط اور مستحکم سیاسی و معاشی نظام کی ضرورت ہے۔ ہمارے لئے پاکستان کے مفادات سب سے پہلے ہونے چاہئیں اور انتشار اور افراتفری کی سیاست سے ہٹ کر تعمیری، مثبت اور برداشت کی سیاست کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستانی خواتین باشعور، باہمت اور تعلیم یافتہ ہیں اورسیاست سمیت معاشرے کے ہر طبقے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں پاکستان کی نصف آبادی کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے مواقع فراہم کرنا انتہائی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی مضبوطی کے بغیر کسی بھی معاشرے کی مضبوطی ممکن نہیں ہے،ہنر مند اور خود مختار خواتین معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔