طلبہ یونیورسٹیز میں اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک پر نہیں،مریم نواز

لاہور(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ طلبہ یونیورسٹیز میں اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک پر نہیں اس لیے طلبہ کے ہاتھ میں پتھر یا ڈنڈے نہیں دیکھنا چاہتی۔

اسکالرز شپ اسکیم کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہونہار طلبہ و طالبات کی تعلیم میری ذمہ داری ہے اور اصل سیاستدان وہی ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بندوق، غلیل، پتھر اور کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کی پہچان نہیں بلکہ پاکستان کی پہچان طلبہ ہیں، یہ چہرہ ڈی چوک پر بیٹھ کر ڈنڈے اور پتھر چلانے کے بجائے کالج و یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرتا ہی اچھا لگتا ہے۔ ہم میں سے کوئی نہیں چاہے گا کہ طلبہ کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ احتجاج کے دوران پاکستان کے دورے پر آئے بیلاروس کے صدر ملک کا کیا چہرہ لیکر واپس گئے ہوں گے، ہونا یہ چاہیے تھا کہ بیلاروس کے صدر پاکستان کے تعلیمی اداروں کا دورہ کرتے۔انہوں نے کہا کہ یہ عوام کا پیسہ پہلی حکومتوں کے پاس بھی تھا تو وہ آپ تک کیوں نہیں پہنچا، اگر وہ پیسہ آپ تک پہنچ جاتا تو کروڑوں بچے تعلیم یافتہ ہوتے۔ وزیراعلیٰ آفس میں اب ایسی وزیراعلیٰ ہے جو آپ کے مستقبل کے لیے کام کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم ایسا منصوبہ لا رہے ہیں جس میں کروڑ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا تاکہ آپ اپنا کوئی کاروبار کر سکیں تاکہ اپنے والدین پر بوجھ نہ بنیں۔ قرضہ بلا سود آسان اقساط پر دیا جائے گا تاکہ آپ ذہنی سکون کے ساتھ کام کر سکیں۔

اسکالر شپ کے لیے 70ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، صوبے میں طلبہ کو 30ہزار اسکالر شپ دی جا رہی ہیں، 18 ہزار طلبا اور 12ہزار طالبات کو اسکالر شپ دی جا رہی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ جنوری سے دوبارہ لیپ ٹاپ اسکیم لے کر آ رہے ہیں لیکن لیپ ٹاپ ہو یا ضروریات طلبہ کی تمام ذمہ داری اٹھائیں گے، کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ ہو پھر بھی بلاتفریق اسکالر شپ ملے گی۔ ہونہار اسکالر شپ پروگرام سے وسائل نہ رکھنے والے طلبا کے خواب حقیقت بنیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں کوئی تعیناتی بغیر میرٹ کے نہیں کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے