ڈیرہ بگٹی سے گیس کے ذخائر دریافت،یومیہ 5 ملین کیوبک فٹ پیداوار شروع

ڈیرہ بگٹی(ڈیلی گرین گوادر)ایس آئی ایف سی کے تعاون سے او جی ڈی سی ایل نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں گیس کے ذخائر دریافت کر کے پیداوار کا آغاز کردیا۔ ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے توانائی کے شعبے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے کی ترقی و استحکام ایس آئی ایف سی کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔

ایس آئی ایف سی کے تعاون سے او جی ڈی سی ایل کی جانب سے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقےاُچ شریف میں گیس کی پیداوار کا آغاز کردیا گیا ہے۔کمپنی کی تکنیکی مہارت کے باعث 1,345 میٹر کی گہرائی تک کنوئیں کی کھدائی کے باعث گیس کی دریافت ہوئی، جس سے یومیہ 5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس کی پیداوار ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق او جی ڈی سی ایل کے اُچ گیس پروسیسنگ پلانٹ کے ذریعے اُچ پاور لمیٹد کو گیس کی فراہمی ممکن بنادی گئی ہے۔ گیس کے نئے ذخائر دریافت ہونے سے کمپنی کی اقتصادی کارکردگی بہتر ہوگی اور اس سے 41.02 ارب روپے تک منافع ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ او جی ڈی سی ایل کی توجہ قومی توانائی کی حفاظت اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے پیداوار بڑھانے پر مرکوز ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل او جی ڈی سی ایل سندھ کے ضلع خیرپور میں بھی گیس کے ذخائر دریافت کر چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے