قومی و سماجی تعمیر وترقی کا خواب لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کیے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، ڈاکٹرمالک بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ قومی و سماجی تعمیر وترقی کا خواب لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کیے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ایس بی کے خضدار کیمپس کا مقصد خضدار و گردونواح کے علاقوں کی بچیوں کو جدوجہد تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ایس بی کے خضدار کیمپس کی مالی مشکلات کے حل اور اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے فوری اقدامات کیے جائے۔یہ بات انہوں نے نیشنل پارٹی کے رہنما انجینئر خورشید احمد رند سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انجینئر خورشید احمد رند نے سب کیمپس ایس بی کے خضدار کو درپیش مالی مسائل و مشکلات اور اساتذہ کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے متعلق آگاہ کیا۔نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت غیر ضروری اخراجات کو کم یا فنڈز کو غیر ضروری جگہوں میں صرف کرنے کے بجائے تعلیم و صحت پر لگائیں۔تعلیم و صحت کو اصولی ترجیحات رکھے بغیر کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اداروں کی فعالیت سہولیات کی فراہمی مسائل کا حل حکومت کی زمہ داری ہوتی ہے۔وفاقی حکومت نے جامعات کے گرانٹ میں کمی کرکے تعلیم کے ساتھ ناانصافی کی۔حالانکہ گرانٹ کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی اسلام بلوچ ترجمان علی احمد لانگو صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر کرنل قذافی رند ضلعی جنرل کوئٹہ ریاض زہری بھی موجود تھے۔