بی بی سی کی 100 خواتین کی فہرست میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور گلوکارہ و موسیقارہ حدیقہ کیانی بھی شامل

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے سال 2024 کی دنیا بھر کی بااثر خواتین کی فہرست جاری کردی گئی، جس میں دو پاکستانی خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

بی بی سی ہر سال دنیا بھر کی ایسی خواتین رہنماؤں اور کارکنان کی فہرست جاری کرتا ہے جو مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دیتی ہیں۔اس سال بھی نشریاتی ادارے نے اپنی فہرست میں پاکستان، افغانستان، بھارت، نیپال، عراق، مصر، ایران، فلسطین، اسرائیل، برطانیہ اور امریکا سمیت دنیا کے دیگر ممالک کی 100 خواتین کو شامل کیا ہے۔فہرست میں سیاست، شوبز، کھیل، وکالت، انسانی حقوق اور ماحولیات سمیت دیگر شعبہ جات میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔

مذکورہ فہرست میں پاکستان کی انسانی حقوق کی بلوچ رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور گلوکارہ و موسیقارہ حدیقہ کیانی کو شامل کیا گیا ہے۔حدیقہ کیانی کو شوبز اور انٹرٹینمنٹ سمیت انسانی حقوق کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دینے پر فہرست کا حصہ بنایا گیا۔انہیں فہرست میں شامل کرتے ہوئے بی بی سی نے حدیقہ کیانی کی جانب سے سال 2022 میں پاکستان میں آنے والے سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی کے لیے کی گئی خدمات کا اعتراف کیا۔

ادارے کے مطابق حدیقہ کیانی نے سیلاب کے بعد جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے سیلاب متاظرین کے لیے 350 سے زائد مکانات تعمیر کروانے سمیت دوسری سہولیات کی تعمیر بھی کروائی۔انہیں ان کی خدمات کے عوض فہرست میں شامل کرتے ہوئے انہیں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی نمایاں خواتین میں شامل کیا گیا۔اسی طرح فہرست میں بلوچ رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو شامل کرتے ہوئے ان کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانے کی ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔

ان سے متعلق ادارے نے لکھا کہ 2023 کے آخر میں ماہ رنگ بلوچ کی قیادت میں سیکڑوں بلوچ خواتین نے بلوچستان سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تک 1000 میل کا پیدل مارچ کیا تاکہ وہ لاپتا کیے جانے والے اپنے اہل خانہ کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں اور مارچ کے دوران ماہ رنگ کو دو بار گرفتار بھی کیا گیا۔ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی دیگر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں نوجوان خواتین کی آئیڈیل بھی قرار دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے