اسلام آباد ہائیکورٹ نے مطیع اللہ جان کا جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کردیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافی مطیع اللہ جان کا جسمانی ریمانڈ دینے کا اے ٹی سی کا فیصلہ معطل کردیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر کے روبرو ایڈووکیٹ ایمان مزاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالتی ہدایت پر انسداد دہشت گردی عدالت کا آرڈر پڑھا گیا۔
صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ریاست علی آزاد، مطیع اللہ جان کے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
ایڈوکیٹ ریاست علی آزاد نے ایف آئی آر بھی عدالت کے سامنے پڑھی۔ صدر ریاست علی آزاد نے کہا کہ ایف آئی آر میں خرید و فروخت کا کوئی ذکر موجود نہیں، دوسرے صحافی کا بیان حلفی بھی موجود ہے، اس بنیاد پر یہ کیس جھوٹ پر مبنی ہے اور بنیاد اسٹوری ہے۔ عدالت نے پٹیشن پر اعتراضات دور کر دئیے اور مطیع اللہ جان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل کردیا۔