وزیر اعلیٰ بلوچستان سے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختیار احمد کی ملاقات،جامعات میں گورننس اور کوالٹی کی بہتری پر تبادلہ خیال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی سے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختیار احمد کی ملاقات،بلوچستان کی جامعات میں گورننس اور کوالٹی کی بہتری پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ پیر کو وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی سے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختیار احمد نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر اعی نے بلوچستان یونیورسٹیز ایکٹ میں بہتری کے لئے ایچ ای سی سے تجاویز طلب کرلیں، اس موقع پر صوبائی وزراء راحیلہ حمید درانی، میر صادق عمرانی، بخت محمد کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین بھی موجود تھے،وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی جامعات کے مسائل کے حل کیلئے جامع اصلاحات متعارف کرانا چاہتے ہیں جامعات کو وسائل فراہم کریں گے تو جوابدہی بھی کرنے کا حق رکھتے ہیں جامعات بلڈنگز پر بلڈنگ بنائے جاررہی ہیں تنخواہوں کے لئے پیسے نہیں ہیں جامعات کو غیر ضروری بھرتیوں اور تعمیراتی پروجیکٹس سے گریز کرنا چاہیے جامعات میں کوالٹی اور گورننس کی بہتری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ جامعات میں کوئی سیاسی مداخلت ہوگی نہ کسی بلیک میلنگ میں آئیں گے طالب علموں میں ریاست مخالف ذہن سازی کے عمل کو روکنا ضروری ہے ملک بھر کی اکثر جامعات میں ریاست مخالف ذہن سازی میں منظم گروہ ملوث ہیں اس نازک صورتحال کا ادارک کرنا ہوگاحکومت بلوچستان اس مسئلے کو اجاگر کرکے تدارک کے لئے قومی کانفرنس بلائے گی کانفرنس میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ، جامعات کے وائس چانسلرز کو مدعو کریں گے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں ایچ ای سی سے ملکر بلوچستان کی جامعات کو بہتری کی راہ پر گامزن کریں گے۔