معصوم بچوں، خواتین اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنا نا انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم ہے،ڈاکٹرحمیرا طارق
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق اور صدروسطہ پنجاب نازیہ توحید ،صدرلاہور عظمی عمران نے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں 33 بے گناہ شہریوں کی شہادت ایک المناک سانحہ ہے جس نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں معصوم بچوں، خواتین اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا گیا، جو انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم ہے۔مزید برآں ڈاکٹر حمیرا طارق اور ذمہ داران نے ڈسکہ میں بہو کی سسرالی رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل اور وحشیانہ انداز میں جلائے جانے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی ہے -انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ بلوں کی منظوری کے باوجود عمل درآمد نہ ہونے کے باعث برابر ایسے واقعات سامنے آ رہے ہیں ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کے مجرموں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے واقعات کا دوبارہ سدباب کیا جا سکے۔ڈاکٹر حمیرا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے اتحاد و یکجہتی سے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنائیں۔