ضلع کرم میں جھڑپیں جاری،مزید 18 افراد جاں بحق، 30 زخمی
کرم(ڈیلی گرین گوادر)ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 43 اموات کے بعد جھڑپوں میں شدت آگئی ہے اور فائرنگ کے واقعات میں مزید 18 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس نے بتایا ہے کہ ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے علیزئی اور بگن کے قبائل کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس کے علاوہ بالش خیل، خار کلی اور کنج علیزئی اور مقبل قبائل کے مابین بھی فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ فریقین کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جمعرات کو مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے بعد ہوا اور اب فریقین ایک دوسرے کو بھاری اور خودکار اسلحوں سے نشانہ بنارہے ہیں۔پولیس کے مطابق تازہ جھڑپوں میں اب تک 18 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے ہیں جب کہ جھڑپوں کے نتیجے میں دکانوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جھڑپوں کے نتیجے میں مختلف دیہات سے لوگوں نے نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات پر پہنچ گئے ہیں۔چئیرمین پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک محمد حیات حسن نے کہا ہے کہ خراب حالات کے باعث آج ضلع کرم میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو بگن ، مندوری اور اوچت کے مقام پر 200 مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی تھی جس سے 6 گاڑیاں نشانہ بنیں، فائرنگ کے واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت 45 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
پاراچنار کے ایک مقامی رہائشی زیارت حسین نے ٹیلی فون پر رائٹرز کو بتایا کہ مسافر گاڑیوں کے 2 قافلے تھے جن میں سے ایک پشاور سے پاراچنار اور دوسرا پاراچنار سے پشاور جا رہا تھا کہ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔زیارت حسین نے مزید بتایا کہ ان کے رشتے دار پشاور سے کرم جانے کے لیے سفر کر رہے تھے، تاحال کسی گروپ نے مسافر گاڑیوں پر حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
دوسری جانب، ضلع کرم کی تحصیل بعد لوئرکرم میں حالات سخت کشیدہ ہونے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اعلی سطح کا وفد لوئر کرم پہنچ گیا۔پشاور سے روانہ ہونے والے وفد میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف ،چیف سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی اختر حیات خان گنڈا پور شامل ہیں۔
وفد ضلع کرم میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے لواحقین اور علاقہ عمائدین سے ملاقات کرے گا اور کرم ایجنسی کے تنازعات کے حل کے بارے میں مقامی عمائدین سے مشاورت کرے گا۔کرم کے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود نے کہا کہ علاقے میں امن بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جب کہ کرم سے پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے ساجد حسین توری نے بھی تصدیق کی کہ ضلع میں امن کی کوششوں کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس جاری ہے۔