باہمی تعاون کے نتیجے میں پاک ایران دوطرفہ تجارتی حجم 10ارب ڈالر کے ہدف کا حصول ممکن بنائیں گے،حسن درویش وند
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ میں متعین ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا ہے کہ باہمی تعاون کے نتیجے میں پاک ایران دوطرفہ تجارتی حجم 10ارب ڈالر کے ہدف کا حصول ممکن بنائیں گے۔دوطرفہ تجارت کے فروغ میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا کردار کلیدی رہا ہے،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید رکھتے ہیں کہ وہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے دورے کے موقع پر چیمبر کے عہدیداران و ممبران سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر محمد ایوب مریانی،سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ،نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ و دیگر نے حسن درویش وند اور ان کے وفد میں شامل حکام کا شکریہ ادا کیا اور ایران کے قونصل جنرل اور ان کی ٹیم کو پاک ایران دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں مختلف تجاویز بھی پیش کیں اور امید ظاہر کی کہ اس سلسلے میں قونصل جنرل اور ان کی ٹیم درکار اقدامات اٹھائیں گے اور جن مسائل کا تعلق دیگر حکام سے ہیں انہیں وہ چیمبر اراکین کے مطالبات اور تجاویز پہنچائیں گے۔اس موقع پر ایران کے کوئٹہ میں متعین قونصل جنرل حسن درویش وند نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر محمد ایوب مریانی،سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ،نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے ہمیشہ کی طرح کردار ادا کرتے رہیں گیانہوں نے کہا کہ پاک ایران دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کا کردار اپنی مثال آپ رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں پاک ایران دوطرفہ تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اس سلسلے میں ایک آئی فارم کا مسئلہ درپیش ہے جس پر چیمبر کی جانب سے عدالت عالیہ سے حکم امتناع حاصل کیا گیا ہے ہمیں یقین ہے کہ دوطرفہ تجارت کی راہ میں رکاوٹ نہیں آئے گا اور اس کا سلسلہ جاری و ساری رہے گا انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم دوطرفہ تجارت کے حجم 10 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کر لیں گے انہوں نے چیمبر کے عہدیداران و ممبران کو یقین دلایا کہ ان کا بھر پور تعاون انہیں حاصل رہے گا انہوں نے کہا کہ بارویں جوائنٹ بارڈر میٹنگ کوئٹہ میں ہونے جا رہا ہیں ہمیں امید ہے کہ یہ گزشتہ اجلاسوں سے زیادہ بہتر اور مثبت نتائج پر منتج ہوگا انہوں نے کہا کہ ہم چیمبر کی نئی کابینہ کے ساتھ بھر پور تعاون اورپاک ایران دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر محمد ایوب مریانی ودیگر نے ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند کو یادگاری شیلڈ پیش کیا۔