پنجاب وہ زمین ہے جس نے بلوچوں سمیت پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں کیلئے اپنے سینا کھلا رکھا ہے،میر سرفراز بگٹی

تونسہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک کولسانی بنیادوں پر کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، دہشتگردوں کا کوئی قوم یا قبیلہ نہیں ہے، بلوچستان دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے موجودہ حکومت اسے آگے لانے کی کوشش کر رہی ہے، کچھی کینال کے اگلے فیز کو شہباز اسپیڈ سے مکمل کیا جائے تاکہ صوبے کی 7سے 8لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوسکے۔ یہ بات انہوں نے کچھی کینال منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک کو لسانی بنیادوں پر سازش کے تحت کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے پنجاب وہ زمین ہے جس نے بلوچوں سمیت پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں کے لئے اپنے سینا کھلا رکھا ہے یہاں پر ملک بھر سے لوگ آکر کاروبار، زمینداری، تعلیم حاصل کرتے ہیں پنجاب کے لوگوں اور یہاں کی حکومت کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان گلدستے کی مانند ہے جو لوگ اس کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور معصوم پنجابی بھائیوں کو مار رہے ہیں یہ کسی بلوچ نے کسی پنجابی کا قتل نہیں یہ دہشتگردوں نے معصوم پاکستانیوں کو شہید کیا ہے دہشتگردوں کا کوئی قوم قبیلہ نہیں ہے ہم مضبوط پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں بلوچستان ملک کے دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے لیکن وزیراعظم کی کاوشوں سے یہ آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ کچھی کینال منصوبہ 2002سے جاری ہے لیکن اب تک مکمل نہیں ہوا صوبے کو لائن کینال کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ صوبائی حکومت اسے بار بار مرمت کرنے کی سکت نہیں رکھتی لہذا 100کلومیٹر کے اگلے فیز کو لائنڈ نہ کیا جائے اور یہ منصوبہ شہباز شریف اسپیڈ سے دو سے تین ماہ میں بن سکتا ہے وزیراعظم سے گزارش ہے کہ بلوچستان کا اگلا 100کلومیٹر کا حصہ جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے سے 7سے 8لاکھ ایکڑ زمین سیرآب ہوگی اس زمین پر آج پرندوں کے پاس پینے کا پانی تک نہیں ہے منصوبے کی تکمیل سے معاشرے کا فائد ہ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے