حافظ حمداللہ کا شناختی کارڈ بحال کرنے کے خلاف نادرا کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سپریم کورٹ نے حافظ حمداللہ کا شناختی کارڈ بحال کرنے کے خلاف نادرا کی اپیلیں سماعت کے لیے مقررکر دی ہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 29 نومبر کو سماعت کرے گا۔نادرا نے جمیعت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ کا شناختی کارڈ افغان شہری ہونے پر بلاک کیا تھا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حافظ حمداللہ کا شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ 2019 میں سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس پر نادرا نے حافظ حمداللہ کا قومی شناختی کارڈ منسوخ کردیا تھا جس کے بعد پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی کے رہنما حافظ حمداللہ کے میڈیا پر انٹرویوز نشر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔

حافظ حمداللہ نے نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ منسوخ کرنے کے عمل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ اکتوبر 2019 میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے حافظ حمد اللہ کی اپیل پر ان کا شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم نادرا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے