پیپلز پارٹی نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سربراہی مانگ لی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پیپلز پارٹی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کا مطالبہ کر دیا۔ جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی اے سی کی سربراہی کے لیے تحریک انصاف سے پھر ناموں کا پینل مانگ لیا۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط ارسال کر دیا جس میں پی اے سی اراکین کی ریکوزیشن پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق پی اے سی کے گیارہ اراکین نے ریکوزیشن جمع کروا رکھی ہے۔ اسپیکر کے اجلاس نہ بلانے کی صورت میں پیپلز پارٹی نے خود اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے خط میں کہا کہ جب تک مستقل چیئرمین نہیں بنتا کمیٹی اراکین خود اپنا چیئرمین الیکشن کے ذریعے منتخب کریں۔ اسپیکر نے پی ٹی آئی سے ناموں کا پینل مانگا ہے تاہم پی ٹی آئی شیخ وقاص کو ہی چیئرمین پی اے سی بنانے پر بضد ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ ن نے پی اے سی کی سربراہی کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اشارہ دیا ہے۔