کوئٹہ سے اغواء ہونے والے تاجر کے بیٹے کی بازیابی کیلئے دیا گیا دھرنا پانچویں روز بھی جاری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سے اغواء ہونے والے تاجر کے بیٹے کی بازیابی کے لئے دیا گیا دھرنا پانچویں روز بھی جاری رہا، آج بچوں کی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق 15نومبر کو کوئٹہ کے علاقے ملتانی محلہ سے تاجر راز محمد کے 10سالہ بیٹے مصور خان کو نامعلوم افراد نے اسکو ل وین سے اتار کر گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد مغوی کی بازیابی کے لئے اہلخانہ، سیاسی جماعتوں، تاجروں کی جانب سے کوئٹہ کے اتحاد چوک پر دھرنا دیا گیا تھا جو منگل کو 5ویں روز بھی جاری رہا۔ کوئٹہ شہر میں بچے کے اغواء کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال بھی کی گئی جبکہ احتجاجی لائحہ عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے آج سیاسی جماعتوں، تاجروں اور اہلخانہ کی جانب سے بچوں کی احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیاگیا ہے۔دوسری جانب کوئٹہ کی مرکزی شاہراہ زرغون روڈ کی بندش کے باعث جناح روڈ، وائٹ روڈ، جعفر خان جمالی روڈ، اسمنگلی روڈ، انسکمب روڈ، جیل روڈ سمیت دیگر ملحقہ سڑکوں پر شدید ٹریفک جام رہا، رات گئے تک سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں جبکہ شہریوں نے منٹوں کا راستہ گھنٹوں میں طے کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے