کل کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا،نصر اللہ زیرے،رحیم کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کی سیاسی جماعتوں اور تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے اغواء ہونے والے 10سالہ مصور کا تاحال بازیاب نہ ہونا حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، آج کوئٹہ شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، 20نومبر کو بچوں کا احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔یہ بات پشتونخواء نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصر اللہ زیرے، انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ، جمعیت علماء اسلام کے مولوی سرور موسیٰ خیل، نیشنل پارٹی کے چنگیز عبدالحئی، عوامی نیشنل پارٹی کے رشید خان ناصر، بی این پی کے غلام نبی مری، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے کبیر افغان، پی ٹی آئی کے داؤ شاہ کاکڑ، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے عبدالقادر لونی، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے احمد جان، ملک امان اللہ مہترزئی،ظاہر آغا نے پیر کو کوئٹہ میں اتحاد چوک پر 10سالہ بچے مصور خان کی بازیابی کے لئے دئیے گئے دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بچے کے اہلخانہ راز محمد، حاجی ملنگ خان سمیت سیاسی جماعتوں کے کارکنوں،تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ 15نومبر کو اغواء ہونے مصور خان کو چار روز گزرنے کے باوجود بازیاب نہیں کروایا جاسکا،حکومت کی جانب سے تفل تسلیاں دینے کے علاوہ عملی طور پر کوئی اقدامات نظر نہیں آرہے حکومت کی بے حسی کی وجہ سے بچے کی بازیابی ممکن نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کا ہر شہری غیر محفوظ ہے شہریوں کو چوروں، ڈاکوؤں،اغواء کاروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے سیاسی جماعتیں، کوئٹہ کے شہری، تاجر احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور واضح کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اس گھڑی میں مصور خان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان پر خرچ کی جانے والی رقم کہاں خرچ ہورہی ہے صوبے میں کہیں بھی امن نظر نہیں آرہا ہم اسمبلی سمیت ہر فور م پر اس واقعہ کے خلاف اور مصور خان کی بازیابی کے لئے آواز بلندکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ایک شہری کے بچی نہیں بلکہ صوبے اور شہر کے تمام بچوں کا اغواء ہوا ہے جس سے خوف و ہراس کا ماحول ہے لوگ اپنے بچوں کو اسکول تک نہیں بھیج سکتے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج منگل کو کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا، اراکین اسمبلی بھی اسمبلی اجلاس میں اس مسئلے پر بھر پور آواز بلند کریں گے ساتھ ہی بدھ 20نومبر کو شہر میں بچوں کا احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ مصور خان کو بازیاب نہ کیا گیا تو اس کے خلاف سخت احتجاج کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے