معاشی استحکام حاصل ہو رہا ہے، اب عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کردی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت معیشت کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔اجلاس کو معیشت کے اعشاریوں، مہنگائی کی موجودہ صورتحال، ٹیکس چوری اور ان کی معاونت کرنے والوں اور ان کے خلاف کارروائی پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، معیشت کی ترقی کےلیے اقدامات کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے اور بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کےلیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آگئی جبکہ شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی ہے، اس سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ برآمدات میں اضافہ اور ریکارڈ ترسیلاتِ زر سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے، ملکی معیشت کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب سب اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں گے، تمام شعبہ جات کو ٹیکس ادا کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔شہباز شریف نے زرعی شعبے میں اصلاحات پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے