احتجاج تحریک انصاف کا آئینی حق ہے کسی کو اس کے آئینی حق سے نہیں روکنا چاہئے،مولانا عبدالغفور حیدری

جیکب آباد(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ احتجاج تحریک انصاف کا آئینی حق ہے کسی کو اس کے آئینی حق سے نہیں روکنا چاہئے، بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کا کوئی علم نہیں، جے یو آئی وفاقی حکومت کا حصہ نہیں بن رہی، تحریک انصاف سے اتحاد کا فلحال کوئی امکان نہیں، بلوچستان کے حالات فیصلہ ساز قوتوں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے خراب ہیں، حقوق مانگنے والوں کو گولی سے چپ کرانا انصاف کا تقاضہ نہیں بلکہ ظلم و ذیادتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ قاسم العلوم میں جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا فدا احمد ڈول کے انتقال پر ان کے ورثہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری، بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر حافظ خلیل احمد سارنگزئی، مولانا عبدالجبار رند، در محمد ڈول، سراج احمد ڈول، کفایت اللہ ڈول، فضل الرحمن، حافظ ربنواز چاچڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا حیدری نے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر بلوچستان کے لوگوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ایوب خان سے لیکر پرویز مشرف تک بلوچستان میں کئی آپریشن کئے گئے جس سے حالات سدھرنے کے بجائے مزید بگڑ گئے، بلوچستان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کے خلاف مسلسل کاروائیاں کی جارہی ہیں اب سمجھ میں نہیں آتا کہ فیصلہ ساز قوتیں کیا چاہتی ہیں، انہوں نے کہا کہ جب تک اصل مسائل کی طرف توجہ نہیں دی جائے گی کہ بلوچستان کے لوگ کیا چاہتے ہیں ان کے معصومانہ مطالبات کیا ہے تب تک حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے، عجب بات ہے کہ بلوچستان کے لوگ حقوق کی بات کرتے ہیں تو وفاقی حکومت ناراض ہوجاتی ہے، انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کو ان کے حقوق دئیے جائیں، بلوچستان کے قدرتی وسائل پر وہاں کے لوگوں کا حق ہے، سندھ کے جزائر پر سندھیوں کا حق ہے کے پی کے سے نکلنے والی گیس پر وہاں کے لوگوں کا پہلا حق ہے لیکن یہاں حقوق کی بات کرنے والوں کے خلاف گولی چلتی ہے تو یہ انصاف کا تقاضہ نہیں بلکہ ظلم و ذیادتی ہے۔ جے یو آئی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ احتجاج تحریک انصاف کا آئینی حق ہے اس سے اس کو کیوں روکا جارہا ہے؟ اگر تحریک انصاف جلسہ کرنا چاہتی ہے جلوس یا دھرنا دینا چاہتی ہے تو یہ اس کا آئینی حق ہے کوئی کسی کا آئینی حق غضب نہیں کرسکتا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن ان کے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر عملدرآمد نہیں کررہی تو ان کے کیا معاہدے تھے یہ تو بلاول کو ہی معلوم ہوگا البتہ بلاول بھٹو زرداری کو چاہئے کہ وہ ان معاہدوں کو قوم کے سامنے لائیں جائے تاکہ قوم کو بھی معلوم ہو کہ کن معاہدوں کے تحت ان کا مسلم لیگ ن سے اتحاد قائم ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کے متعلق مجھے کچھ علم نہیں اور نہ ہی بلوچستان میں تحریک عدم اعتماد کی کوئی بات چل رہی ہے، مولانا حیدری نے کہا کہ 26 آئینی ترمیم میں ہماری سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ ہم نے سود کے خاتمے کو آئین کا حصہ بنا دیا ہے، 2028 تک ملکی معیشت سے سود کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا اور اسلامی قوانین کے تحت ملکی معیشت کو چلایا جائے گا اس سلسلے میں سود کے متبادل نظام کے لیے ہماری تیاریاں بھی شروع ہوچکی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے