ہماری طاقت انفرادی مفادات میں نہیں بلکہ اجتماعی عمل میں ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنوں کے درمیان قریبی روابط بڑھانے کی اشد ضرورت ہے آج ہم اپنی قوم کے مستقبل میں سب سے آگے کھڑے ہیں۔ ہماری طاقت انفرادی مفادات میں نہیں بلکہ اجتماعی عمل میں ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنے عظیم مقصد کیلئے دوبارہ عہد کریں۔ باہمی اتحاد اور اجتماعی عمل کے ذریعے ہم اپنے روشن مستقبل کو یقینی سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج منگل کے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ڈویڑنل اور ضلعی صدور سمیت پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، وزراء سلیم احمد کھوسہ، میر شعیب نوشیروانی، حاجی میر برکت علی رند، راحیلہ حمید خان درانی، میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی اور رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل سمیت ڈویڑنل و ڈسٹرکٹ صدور اور کارکنوں، وکلاء اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں کارکنان کی مشکلات اور شکایات بھی ہوتی ہیں اس سلسلے اپنے کارکنوں کا سیاسی فریضہ ہے کہ وہ اپنے مسائل اور شکایات اپنے منتخب اراکین کے سامنے اخلاقی اور تعمیری انداز میں پیش کریں۔ ہم اپنے چھوٹے چھوٹے اختلافات کے باوجود مشترکہ بنیاد تلاش کر سکتے ہیں ہمیں عوام کو وڑن، ہمت اور بیلوثی سے متاثر کرتے ہوئے مثال کے طور پر رہنمائی کرنی چاہیے۔. آج صوبائی سطح پر پارلیمنٹرینز، ڈویڑنل اور ڈسٹرکٹ کے صدور اور کارکنان اکٹھا ہونا ایک بڑی کامیابی ہے اور ہمیں اس رفتار کو آگے بڑھانا چاہیے. متحد ہو کر ہم ان چیلنجوں پر قابو پا سکتے ہیں جو ہماری قوم کو گھیرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین کے طور پر، ہماری ایک سیاسی ذمہ داری ہے کہ ہم دیانتداری، عوام دوستی اور سیاسی تدبر کے ساتھ خدمت کریں۔ ہمیں ایسی پالیسیوں کیلئے کوشش کرنی چاہیے جو پسماندہ اضلاع کو ترقی دیں اور سب کیلئے یکساں مواقع اور سہولیات فراہم کریں