امن وامان کے پیش نظر کوئٹہ اور سبی میں ری پولنگ کی تاریخ میں ردوبدل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر بلوچستان کے ضلع کوئٹہ اور سبی میں ری پولنگ کی تاریخ میں ردوبدل کا اعلان کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 44 کوئٹہ 7 کے 16 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کی تاریخ میں تبدیلی کردی گئی ہے، جہاں ری پولنگ اب 21 نومبر کے بجائے 12 دسمبر کو ہوگی۔
اسی طرح الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 8 سبی میں بھی ضمنی الیکشن ملتوی کردیا ہے، کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق پی بی 8 سبی میں ضمنی انتخابات 14 نومبر کے بجائے 17 نومبر کو منعقد ہوں گے۔الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ انتخابات کی تاریخ میں رد و بدل صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔