ہرنائی،کوئلہ سے لدے 3 ٹکرک نذر آتش،فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ضلع زیارت میں مسلح افراد نے کوئلے سے لدے ٹرکوں کو آگ لگا دی، واقعہ کے بعد جائے وقوعہ پر آنے والی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ، ایک پولیس آفیسر شہید ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کاکڑ کے مطابق ہفتہ کو زیارت میں زیارت ہرنائی روڈ پر مانگی کے مقام پر ہرنائی کے علاقے شاہرگ، کھوسٹ سے کوئلہ سپلائی کرنے والے تین ٹرکوں کو نامعلوم مسلح افراد نے آگ لگا دی جس کے نتیجے میں تینوں ٹرک جل کرخاکستر ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق واقعہ کے بعد ایس پی ہرنائی کی گاڑی پر فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں پولیس کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر خلیل ملازئی شدید زخمی ہوگئے جو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔حکومت بلوچستان نے ہرنائی میں دوران فرائض منصبی سب انسپکٹر پولیس کی شہادت پر اظہار افسوس و تعزیت کیا ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بحالی امن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادرجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بحالی امن کیلئے سیکورٹی فورسز بشمول ایف سی، پولیس اور لیویز ہر دل اول دستے کے طور پر دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑ رہے ہیں، ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ بحالی امن کیلئے بہایا جانے والا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، ہرنائی میں شہادت نوش کرنے والے سب انسپکٹر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے دعا گو ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے