پڑھائی لکھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا ضروری ہوتا ہے، صوبائی سیکرٹری اطلاعات عمران خان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں میں بھرپور شرکت سے طلباء و طالبات کی نہ صرف جسمانی نشوونما ممکن ہوتی ہے بلکہ ذہنی نشوونما میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوتا ہے۔ پڑھائی لکھائی کے ساتھ ساتھ کھیوں کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا ضروری ہوتا ہے اور ان میں بیلنس رکھنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 24 ویں منی اولمپک گیمز کے سلسلے میں منعقدہ آل کوئٹہ انٹر اسکولز گرلز تھرو بال و کیچ بال کے فائنل مقابلے کے بعد ایک تقریب میں کیا۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات و چئیرمین تھرو بال ایسوسی ایشن عمران خان آفریدی نے کہا کہ تھرو بال نسبتا ایک نئی گیم ہے جس میں بلوچستان کی بچیوں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔

یہ بچیاں آگے جا کے اپنے اسپورٹس کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں گی۔ تھرو بال کے فائنل مقابلے میں ہزارہ ٹاؤن گرلز اسکول کی ٹیم نے کلی ابراہیم زئی گرلز اسکول کی ٹیم کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے دی۔جبکہ کیچ بال کا فائنل مقابلہ پوسٹل کالونی گرلز اسکول اور ہزارہ ٹاؤن گرلز اسکول کے مابین کھیلا گیا۔ جس میں ہزارہ ٹاؤن گرلز اسکول کی ٹیم نے پوسٹل کالونی گرلز اسکول کی ٹیم کو شکست دے کر چیمپین بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل کے میچ کیلئے منعقدہ ایک پر کشش تقریب میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات عمران نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے فاتح ٹیم اور دوسری پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں اسناد، ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ انہوں نے تمام ٹیموں کی طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کے اختتام پر بابائے اسپورٹس بلوچستان عطاء محمد کاکڑ نے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عمران خان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے