بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت تمام مریضوں کو مفت اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں،ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اوروزیر صحت کی ہدایت پرسرکاری ہسپتالوں میں عوام کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا،بی ایچ سی پی ہسپتالوں کو موثر خدمات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔یہ بات انہوں نے منگل کو وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی خصوصی ہدایات کی روسنی میں صوبے میں ہیلتھ کارڈ پرگرام کے نافذ کا جائزہ لینے اور مزید مضبوط بنانے کیلئے بلائے گئے ٹریژری کیئر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سول ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر غلام سرور موسیٰ خیل، بولان میڈیکل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سلطان لہڑی، ہیلپرآئی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اسحاق پانیزئی، فاطمہ جناح ہسپتال کوئٹہ، بے نظیرہسپتال کوئٹہ،شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے ہسپتالوں کو درپیش آپریشنل چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جن میں مریضوں کا قومی شناختی کارڈ، ادویات کی تقسیم، اور مریضوں کی آمدورفت کے انتظامات شامل ہیں۔ڈاکٹر سمیع اللہ نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وزیر صحت بلوچستان کے وژن کے مطابق بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت تمام مریضوں کو مفت اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں اور ایم ایسز سے کہا کہ وہ ہر ہسپتال میں ایک نمایاں مقام پر ہیلتھ فیسلیٹیشن ڈیسک کے قیام میں مدد کریں تاکہ مریضوں کو ان سہولیات تک رسائی میں آسانی ہو۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹرسمیع اللہ کاکڑ نے بلوچستان کے تمام شہریوں کو صحت کی سہولیات تک رسائی فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور اسپتال انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ پروگرام کے مقاصد کے حصول کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات حکومت کے وسیع تر وژن کا حصہ ہیں جس کا مقصد صحت کے نظام کو عوام کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر اور موثر بنانا ہے۔ ڈاکٹر سمیع اللہ نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو یقین دلایا کہ بی ایچ سی پی ہسپتالوں کو موثر خدمات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تمام شراکت داروں کے مابین بہتر ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا، بی ایچ سی پی کے تحت خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے گا اور مریضوں کی دیکھ بھال کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا جائے گا۔