واسا کے مزدوروں کا اوزار چھوڑ احتجاج کو منظم انداز میں جاری رکھنے کا فیصلہ

کوئٹہ (این این آئی)محکمہ وا ساکوئٹہ کے سینئر ملازمین اور سپروائزروں کا مشترکہ اجلاس بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان کی صدارت میں گزشتہ روز منعقد ہوا اجلاس میں محکمہ واساکے ملازمین اور ٹیوب ویل آپریٹرز اور مزدوروں کی جانب سے گزشتہ دو روز سے جاڑی اوزار چھوڑ احتجاج اور اپنے جائز حقوق و مطالبات کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اس موقع پر بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان نے کہا کہ کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان کے دیگر مختلف محکموں کو بجٹ 2024 میں اعلان شدہ 25 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس ادا کر دیا گیا ہے صرف کوئٹہ میں ایک واحد محکمہ واسا ہے جس کے تمام افسران مزدور اور ٹیول کا عملہ اس 25 فیصد اضافی تنخواہ سے محروم ہیں جو کہ انتہائی قابل مذمت اقدام ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے محکمہ واسا کے ملازمین و مزدور اپنے محکمہ کے افسران محکمہ فنانس اور صوبائی وزیر کے دفترکے چکر لگا رہے تھے کہ تمام محکموں کے ملازمین کو بجٹ میں اعلان کردہ 25 فیصد اضافی تنخواہ ادا کردی گئی صرف محکمہ واسا ملازمین کو اس جائز حق سے کیوں محروم رکھا گیا ہے۔اجلاس میں واسا کے مزدوروں کے اوزار چھوڑ احتجاج کو منظم انداز میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور واسا ایمپلائز یونین کے تمام عہدیداروں اور ملازمین کو خراج تحسین پیش کیا گیا کہ اپنے حق کیلئے متحد ہوکر جدو جہد کررہے ہیں فیڈریشن کے صدر خان زمان نے ایم ڈی واسا۔ صوبائی وزیر واسا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ واسا کے مزدوروں کا پر امن احتجاج غیر قانونی نہیں۔ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں اور واسا کے ملازمین کو انکا جائز حق دیاجائے۔ واسا کے ملازمین چار ماہ سے بجٹ میں اعلان شدہ اضافی تنخواہ سے کیوں محروم ہیں۔ ملازمین کا پر امن احتجاج جاری رہے گا۔ بلکہ اسے مزید منظم کیاجائے گا۔ اجلاس میں بلوچستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین حاجی بشیر احمد رند مرکزی رہنما عارف خان نچاری ظفر خان رند ملک وحید کاسی عابد بٹ محمد عمر جتک حبیب اللہ لانگو اور دیگر رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے واسا کے مزدوروں کواپنے جائز مسئلے کے حل کیلئے پر امن احتجاج پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ واسا کے ملازمین تنہا نہیں بلوچستان بھر کے مزدور و ملازمین انکے ساتھ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے