کسی بھی قسم کی رپورٹنگ میں اینٹی سٹیٹ بیانیہ کو تقویت نہیں دینی چاہیے،میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ صحافی ہمارے معاشرے کا پڑھا لکھا طبقہ ہے جو اپنے قلم اور آواز سے عوام کو باخبر رکھتے ہیں صحافی حکومت اور عوام کے درمیان رابطہ پلوں کا کردار ادا کرتے ہیں بلوچستان میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لئے موزوں ماحول و سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں وزیر اعلٰی نے کہا کہ صحافت میں غیر جانبداری کا عنصر نمایاں رہنا چاہیے اور کسی بھی قسم کی رپورٹنگ میں اینٹی سٹیٹ بیانیہ کو تقویت نہیں دینی چاہیے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کا مکمل ادراک رکھتی ہے اور صحافیوں اور صحافی برادری کے خلاف کسی بھی قسم کے تشدد کی بھرپور مخالفت کرتی ہے وزیر اعلٰی نے اس امر پر زور دیا کہ معاشرے کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ہر سطح پر صحافیوں کے خلاف ہونے والے تشدد کی نفی کرنی چاہیے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں نے ہمیشہ اپنے عمل اور کردار سے پروفیشنلزم کا ثبوت دیا ہے میر سرفراز بگٹی نے صحافیوں کے ساتھ مکمل طور پر یکجہتی کا اظہار کرتے صحافیوں کو ان کے پیشہ ورانہ میدان میں مزید ترقی اور پروفیشنل وسعت میں مزید اضافے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔