اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2 وی وی آئی پی جہازوں کیلئے 1.8 ارب کی گرانٹ منظور کرلی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت دفاع کیلئے 1.8 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم صدر اور وزیراعظم کے سرکاری دوروں کیلئے استعمال ہونے والے 2 وی وی آئی پی جہازوں پر خرچ کی جائے گی، فنڈ دونوں وی وی آئی پی طیاروں کے انجن کی مرمت کیلئے مختص کیا گیا ہے۔
ای سی سی نے وزیراعظم آفس اور اسٹاف کالونی کیلئے 25 کروڑ 27 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فلڈ ریسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ کیلئے 30 ارب روپے کے اجرا کی منظوری بھی دی گئی، مختص رقم صوبہ سندھ کو جاری کی جائے گی۔