26ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے آج میثاق جمہوریت کی تکمیل ہوئی ہے،غزالہ گولہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی و پیپلز پارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی صدر غزالہ گولہ نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے آج میثاق جمہوریت کی تکمیل ہوئی ہے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترمیم منظور کرواکے اپنی صلاحیتوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ وزیراعظم بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتی اصلاحات کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت اور پارلیمان اور عدلیہ مضبوط ہوگی اور عوام کو انصاف کی فوری فراہمی میں مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے زیراہتمام 26ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے پاس ہونے کی خوشی میں اظہار تشکر کے موقع پر پریس کلب کے سامنے خواتین کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔غزالہ گولہ نے کہا کہ پارٹی کے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو 1973ء کا متفقہ آئین دیا صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت میں صوبوں کو این ایف سی ایواروڈ اور صوبائی خودمختاری دی اب پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 26ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے پاس کرواکے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل اور ملک کوترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ میں اکثریت ہونے کے باوجود تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرکے آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے کردارادا کرنے کی اپیل کی کہ لیکن پی ٹی آئی نے ملک کے مفاد کی بجائے ایک شخص کے ذاتی مفاد کیلئے 26ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کی جو کسی بھی طرح ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر پارلیمنٹ کی تمام سیاسی جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔
