شیرانی میں چلغوزوں کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا
شیرانی(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے ضلع شیرانی میں کوہ سلیمان کے علاقے میں جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی، ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد نے آگ پر اپنی مدد آپ کے تحت کافی حد تک قابو پالیا۔ ڈپٹی کمشنر شیرانی ثناء ماہ جبین کے مطابق گزشتہ شب ضلع شیرانی میں کوہ سلیمان کے سلسلے میں چلغوزے کے جنگلات میں بلوچستان اور خیبر پختونخواء کی طرف اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے اپنی شدت کے باعث بڑے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر شیرانی کے مطابق علاقہ دور دراز اور دشوار گزار ہونے کے باعث انتظامیہ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آگ بجھانے کے لئے معاونت بھی طلب کرلی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ کی شام تک بلوچستان کی طرف آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا جبکہ لیویز، ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد کی جانب سے آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اقدامات رات گئے تک جاری رہے۔