پشاور،فیکٹری میں لگی آگ 24 گھنٹے بعد بھی بجھائی نہیں جاسکی
پشاور(ڈیلی گرین گوادر)پشاور کے علاقے حیات آباد میں 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود فیکٹری میں لگی آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکا تاہم ریسکیو اہلکاروں نے 90 فیصد آگ پر قابو پانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ریسکیو کی 25 گاڑیاں اور 100 سے زائد اہلکار شعلوں پر قابو پانے میں مصروف ہیں اور ریسکیو ٹیم نے عمارت کو خستہ حال قرار دے دیا۔دوسری جانب ریسکیو حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ آگ پر 90 فیصد قابو پالیا ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد نے بتایا کہ ریسکیو کے عمل میں 120 اہلکاروں نے حصہ لیا جو مسلسل فائر فائٹنگ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب کہ آگ بجھانے میں 25 سے زائد گاڑیاں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، کیمیکل کی وجہ سے آگ پر قابو پانے کے لیے فوم کا بھی استعمال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق آگ پر قابو پانے میں چارسدہ، مردان، صوابی اور ضلع خیبر کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جب کہ آگ بجھانے کے دوران متعدد فائر فائٹرز کی حالت غیر ہوگئی ہے۔