ماونٹین ویو ٹیک پارک میں ایک ہزار نوجوانوں کو آئندہ 6 ماہ میں ہنر مند بناکر برسر روزگار بنایا جائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعرات کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صوبے میں 3 بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا، ان منصوبوں میں ماونٹین ویو ٹیک پارک مری آباد، سرکلر روڑ انٹی گریٹڈ پارکنگ پلازہ اور ایل پی جی ٹیکنیکل لیبارٹری تفتان کے تاریخی منصوبے شامل ہیں، مری آباد میں 15 سال سے تعمیر شدہ بلڈنگ میں بلوچستان کے پہلے آئی ٹی پارک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ماونٹین ویو ٹیک پارک میں ایک ہزار نوجوانوں کو آئندہ 6 ماہ میں ہنر مند بناکر برسر روزگار بنایا جائے گا صوبے میں ایسی کئی عمارات ہیں جن کو تعمیر کرکے چھوڑ دیا گیا یہ پارک بھی ایک ایسی بلڈنگ میں تعمیر کیا گیا ہے جو پندرہ سال قبل تعمیر کی گئی تھی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے آئی ٹی پارک کی تجویز دی جس کو قابل عمل بناتے ہوئے صوبائی حکومت نے فنڈز کا اجراء کیا جو کہ آج فعال ہونے جاررہا ہے اس آئی ٹی پارک میں 67 دفاتر ہوں گے یہ منصوبہ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں مختلف مہارتوں سے روشناس کروائے گا جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے حکومت سرکاری شعبے میں ہر نوجوان کو ملازمت نہیں دے سکتی تاہم نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع دیں گے اس مقصد کیلئے بلوچستان کے ہر ڈویڑن ہیڈ کوارٹر میں آئی ٹی پارک بنائیں گے صوبائی حکومت کے ان اقدامات سے پورے صوبے میں ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سرکلر روڑ انٹی گریٹڈ پارکنگ پلازہ کی افتتاحی اور ایل پی جی ٹیکنیکل لیبارٹری چمن کے قیام کے لئے باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ قومی و پارٹی لیڈر شپ اور عوام سے کی گئی کمٹمنٹ پر پورے اترتے ہوئے چھ ماہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 3 بڑے منصوبوں کا آغاز کردیا گیا ہے عوامی خدمت کے جو خواب دیکھے تھے الحمدللہ آج عملاً شرمندہ تعبیر ہونے جاررہے ہیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بلوچستان کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کا آغاز ہوگیا ہے مختلف شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سروس ڈلیوری یقینی بنائی جاسکے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات اور پوری ٹیم نے مختصر مدت میں صوبائی حکومت کے وڑن کو جس برق رفتاری سے پایا تکمیل تک پہنچایا اس کے لئے انہیں شاباش دیتا ہوں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں موجود مافیاء سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں تاہم ایسی تمام حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اپنے مشن پر گامزن رہیں گے مختلف یونینز سے بات چیت کے لیے تیار ہیں تاہم ہڑتالوں سے بلیک میل نہیں ہوں گے مافیاء کا خاتمہ کریں گے کسی کو عوامی سہولیات میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے مفاد عامہ کے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر اعلی نے کہا کہ کوئٹہ ائیر پورٹ سے زرغون روڑ تک خوبصورتی کا منصوبہ چھ ماہ میں مکمل ہوجائے گا جس سے شہری خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور باہر سے آنے والے لوگوں کو کوئٹہ کا ایک مثبت اور ترقی یافتہ تاثر ملے گا، وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی سڑکوں کو صاف و منظم بنایا جائے سڑکوں سے تمام تجاوزات ہٹا کر کشادہ اور سہل بنایا جائے اور شہری سہولیات میں بہتری لاتے ہوئے ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے قبل ازیں کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی کے وڑن کے مطابق کوئٹہ کو ایک ترقی یافتہ شہر بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں کی تشکیل اور تکمیل جاری ہے سرکلر انٹی گریٹڈ پارکنگ پلازہ کا شمار دنیا کے جدید ترین پارکنگ پلازہ میں ہوگا جہاں نمبر کے مطابق ڈیجیٹل پارکنگ کی سہولیات فراہم ہوں گی اس منصوبے پر حکومت کا ایک روپیہ خرچ کئے بغیر ابتدائی دورانیے میں ستر لاکھ روپے سے زائد کی آمدن ہوئی اس پارکنگ پلازہ میں بیک چھ سو گاڑیاں پارک کی جاسکیں گی اور یہ دبئی اور جدید ممالک کی طرز پر بنایا گیا ہے یہ پارکنگ پلازہ کوئٹہ میں ٹریفک کے مسائل کا حل ثابت ہوگا سرکلر انٹی گریٹڈ پارکنگ پلازہ کی طرز پر دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جس سے حکومت کو خاطر خواہ آمدن ہوگی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبوں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسے منصوبے ہیں جس میں عوام کے وسائل خرچ کرنے کے بجائے پرائیویٹ پارٹنر شپ سے حاصل کئے گئے تقریب میں چیف ایگزیکٹو بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی ڈاکٹر فیصل احمد خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، سیکرٹری خزانہ بابر خان، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر، سیکرٹری بلدیات عبدالروف بلوچ و دیگر حکام بھی موجود تھے،

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے