کراچی،ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)کراچی کے علاقے کلفٹن میں تیز رفتار کار حادثت کا شکار ہوگئی جس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پ) کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے صاحبزادے جاں بحق ہوگئے۔حادثہ گزشتہ رات پیش آیا، کلفٹن دو تلوار انڈر پاس میں ٹریفک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

رپورٹ کے مطابق حادثے میں رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے صاحبزادے شاہ زیب نقوی جاں بحق ہوگئے، حادثے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، مبینہ طور پر حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔رکن قومی اسمبلی رعنا انصار قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ان دنوں اسلام آباد میں موجود تھیں جہاں انہیں واقعے کی اطلاع دی گئی جس کے بعد وہ اسلام آباد سے کراچی اپنے گھر پہنچ گئیں۔

ان کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما انیس قائم خانی، فیصل سبزواری سمیت دیگر رہنما بھی اظہار تعزیت کے لیے رعنا انصار کے گھر پہنچ گئے۔بعد ازاں رعنا انصار کے بیٹے کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ گلستان جوہر میں ان کی رہائش گاہ کے قریب واقع مسجد میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی، سینئر رہنما انیس قائم خانی، رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی اور دیگر عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے