ڈاکٹرماہ رنگ بلوچ کا نام سفری پابندیوں کی لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر وزارت داخلہ و ڈی جی امیگریشن کو نوٹس
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا نام سفری پابندیوں کی لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر وزارت داخلہ اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو اگلے ہفتے کے لیے نوٹسز جاری کر دیے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے سماعت کی، اس موقع پر ماہ رنگ بلوچ اپنی وکیل ایمان مزاری ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
ماہ رنگ بلوچ کو روسٹرم سے ہٹا دیا گیا، انہیں اپنی نشست پر بیٹھنے کی ہدایت کی گئی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ ان کا نام نو فلائی لسٹ پر ہے؟ جس پر ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بیرون ملک سفر سے روکا گیا۔ایمان مزاری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کو بیرون ملک سفر سے روکا گیا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ نے انٹیلی جنس ایجنسی کو اس میں کیوں فریق بنا دیا ہے؟ ان کا اس معاملے سے کیا تعلق ہے؟وکیل ایمان مزاری نے مؤقف اپنایا کہ نو فلائی لسٹ کو ایجنسیز دیکھتی ہیں۔
بعدازاں، عدالت نے وزارت داخلہ اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو اگلے ہفتے کے لیے نوٹسز جاری کر دیے۔