پاکستان اور قطر کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے قطر کے شاہی خاندان کے شیخ طلال خلیفہ الثانی نے جمعرات کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع بھی موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ قطر نے بہت کم عرصے میں انڈسٹریلائزشن، اسپورٹس اور سیاحت کے شعبوں میں عالمی سطح پر اپنا نام اور مقام بنایا ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اور جدید ہنر مند افراد قطر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بلوچستان کے ہزاروں تعلیم یافتہ اور مہارت یافتہ قطر کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، اس رابطہ کاری سے پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر اپنی شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، دونوں ممالک کا مستقبل امید افزا نظر آرہا ہے اور مختلف شعبوں کی تعمیر اور ترقی کے بہت روشن امکانات ہیں۔