’مجھ پر پریشر ہے‘،بی این پی سینیٹر نسیمہ احسان کا نم آنکھوں سے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کا اعلان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کی سینیٹر نسیمہ احسان نے آئینی ترامیم کی حمایت میں ووٹ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔سینیٹر نسیمہ احسان نے آج اچانک وزیراعظم کے ظہرانے میں شرکت کی۔
ظہرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نسیمہ احسان نے کہا کہ پارٹی نے ترمیم پر ووٹ نہ کرنے کا کہا ہے مگر جب بل لے آئیں گے تو دیکھا جائے گا، آج ہوگی ترمیم تو ووٹ کریں گے یا جب بھی ہوگی تو کریں گے، جب ترمیم ایوان میں آئے گی تو دیکھا جائے گا۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کے بیٹے کو اغوا کیا گیا ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ نہیں ایسا کچھ بھی نہیں ہے مگر کچھ معاملات ہیں، سب کو معلوم ہے مجھ پر پریشر ہے۔
اس کے بعد نسیمہ احسان نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کی جہاں وہ اظہار خیال کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔انہوں نے سینیٹ اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔
سینیٹر نسیمہ احسان نے کہا کہ اگر مل بیٹھ کر بات کی جائے تو بہتر ہوگا کہ مسائل کا حل ہو، کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا بیٹھ کر حل نہ نکالا جا سکے۔جس پر چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ اگر آپ یہاں بات نہیں کر سکتیں تو چیمبر میں آئیں مجھ سے بات کریں۔خواتین اراکین سینیٹ نے بھی سینیٹر نسیمہ احسان کو دلاسا دیا۔