میر لیاقت لہڑی کی ڈی ایس ریلوے کوئٹہ عمران حیات سے ملاقات،ملازمین کے مسائل پر تفصیلی بات چیت
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی میر لیاقت لہڑی نے بدھ کو ڈی ایس ریلوے کوئٹہ عمران حیات سے انکے دفتر میں ملاقات کی ملاقات میں ریلوے یونین کے رہنما لالہ افضل بنگلزئی اوردیگربھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ریلوے ملازمین کی تنخواہوں،ریلوے کالونی اور ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے تفصیلی بات چیت کی گئی۔میر لیاقت لہڑی نے ڈی ایس ریلوے عمران حیات کو ریلوے کالونی کوئٹہ کے رہائشیوں کو پانی سمیت دیگر مسائل اورترقیاتی کام نہ ہونے سے تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ملازمین گوناگوں مسائل سے دوچار ہونے کی وجہ سے اذیت میں مبتلا ہیں ریلوے ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ریلوے کالونی کے رہائشیوں کی مشکلات کم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے بلوچستان کے ملازمین کو کئی کئی ماہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملازمین کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ریلوے کے اعلیٰ حکام اسکا نوٹس لیتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ڈی ایس ریلوے عمرا ن حیات نے پارلیمانی سیکرٹری میرلیاقت لہڑی کو یقین دلایا کہ ریلوے کے ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔