عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب لڑنے کی دوڑ سے باہر

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)انی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب لڑنے کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔آکسفورڈ یونیورسٹی نے چانسلر کے انتخاب کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کردی، یونیورسٹی انتظامیہ نے 38 امیدواروں کے نام الیکشن کے لیے درست قرار دے دیے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب 21 برس بعد ہوگا، معروف برطانوی قانونی فرم میٹرکس چیمبرز نے عمران خان کو نا اہل قرار دیا تھا، آکسفورڈ انتظامیہ نے میٹرکس چیمبرز سے بانی پی ٹی آئی کے بارے میں رائے مانگی تھی۔میٹرکس چیمبرز نے سزایافتہ ہونے کے باعث بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نا اہل قرار دیا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے نئے چانسلر کے انتخاب کا پہلا راؤنڈ 28 اکتوبرکو شروع ہوگا، ٹاپ فائیو امیدواروں کے درمیان 4 نومبرکو الیکشن کا دوسرا راؤنڈ ہوگا، آکسفورڈ یونیورسٹی کے نئے چانسلر کا اعلان 25 نومبرکو کیا جائے گا۔نئے چانسلر کا انتخاب زیادہ سے زیادہ 10 برس کے لیے ہوگا۔

آکسفورڈ انتظامیہ نے سدرہ آفتاب، حسنات احمد، ایمن امورہ کی نامزدگی تسلیم کرلی، انوربیگ،کاشف بلال ،عظیم فاروقی بھی چانسلر آکسفورڈ یونیورسٹی کے امیدوار ہیں، تاہم سابق برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ چانسلرکے عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں۔واضح رہے کہ 18 اگست کو سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب لڑنے کے لیے درخواست جمع کرا دی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کا ایکس پوسٹ میں کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایت پر آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب 2024 کے لیے درخواست جمع کرائی ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے مطابق موجودہ چانسلر کرس پیٹن کی جانب سے فروری 2024 میں تعلیمی سال 2023 اور 2024 میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد نئے چانسلر کے لیے انتخاب کے لیے درخواستیں موصول کی گئی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے