طالبہ زیادتی نہیں، گھٹیا سازش کا شکار بنی،وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں نجی کالج کی طالبہ سے زیادتی کے پروپیگنڈے میں تحریک انصاف کو ملوث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچی زیادتی نہیں، گھٹیا سازش کا شکار بنی ہے، بار بار کی احتجاج کی کال ناکام ہونے کےبعد انتہائی گھٹیا اور خطرناک منصوبہ بنایاگیا، فتنہ فساد کی جڑ خیبرپختونخوا حکومت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جعلی خبر پھیلانے میں ملوث عناصر کےخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ سازش کامیاب ہوجاتی تو کئی جانیں جاسکتی تھیں، سازش کے تمام تانے بانے کھل کر میرے سامنے آگئےہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹ کی فیکٹریوں کو اب بند ہونا چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور کے نجی کالج میں مبینہ طالبہ سے مبینہ زیادتی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کی داستان گھڑی گئی، من گھڑت خبر کو ایشو بنایا گیا، مسئلے کے تمام حقائق جان کر آپ کے سامنے آئی ہوں، تمام حقائق آپ سب کے سامنے رکھوں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ ہماری انتظامیہ اور پولیس کو ایک رپورٹ ملی کہ پنجاب کے ایک نجی کالج میں طالبہ سے ریپ کا واقعہ ہوا ہے، ایک سیکیورٹی گارڈ پر الزام لگا کہ وہ اس میں ملوث ہے جس پر انتظامیہ فوری حرکت میں آئی، اس دن سے آج تک ہم اس ریپ وکٹم کی تلاش میں ہیں۔مریم نواز نے کہاکہ 10 اکتوبر کو ایک بچی کا نام لیا گیا کہ وہ ریپ کا شکار ہوئی ہے لیکن وہ بچی 2 اکتوبر سے اسپتال میں داخل ہے، وہ بچی کہیں گری اور بری طرح زخمی ہونے کے بعد آئی سی یو میں داخل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہاکہ ’میری اس بچی کی والدہ سے رات بات ہوئی تو وہ شدید صدمے کی حالت میں تھیں، ان کی اپنی کوئی سرجری ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ نہیں چاہیے، میری 5 بچیاں ہیں ان کی شادیاں بھی ہوں گی لہٰذا اس سازش کے کرداروں کو بے نقاب کرنا اور کیفر کردار تک پہچانا آپ کی ذمے داری ہے، اس والدہ کی درخواست پر آپ آج میڈیا پر دیکھ رہے ہیں۔‘

مریم نواز نے کہاکہ بچوں کی جانب سے یہ واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی خبر پھیلیں اور اس قسم کے الزامات لگائے گئے اور ایسی کہانیاں گھڑی گئیں کہ جن کا کوئی وجود نہیں ہی نہیں تھا اور طلبہ کو گمراہ کرکے پنجاب میں ایسی مہم چلانے کی کوشش کی گئی جو لغو اور جھوٹ پر مبنی تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ بار بار کی احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کی کالز کی ناکامیوں کے بعد انہوں نے ایک انتہائی گھٹیا اور خطرناک منصوبہ ایسے وقت میں بنایا جب ایس ای او ہونے جارہی ہے، غیرملکی سربراہان آرہے ہیں، کانفرنس ہورہی ہے، دنیا میں پاکستان کا اچھا تاثر جارہا ہے، معیشت بہتری کی علامات ظاہر کررہی ہے، مہنگائی کم ہورہی ہے، اسٹاک مارکیٹ 86 ہزار پر چلی گئی، پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی۔

مریم نواز نے مزید کہاکہ ایسے میں ایک ایسی جماعت تحریک انصاف ہے، جسے میں دہشت گرد جماعت کہتی ہوں، ان کا ایجنڈا ہی یہی ہے کہ جب پاکستان اوپر جارہا ہوتا ہے وہ نیچے جارہے ہوتے ہیں، ہم نے واقعے کی تفصیلات نکالی ہیں اور اس کی تہہ تک گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طالبہ کے ریپ کے پروپیگنڈے میں تحریک انصاف کو ملوث قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بچوں اور اپنے پیڈ اینکرز اور ٹاؤٹس کو استعمال کرکے ان سے ٹوئٹس اور وی لاگز کروائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پریس کانفرنس میں واقعے کا عینی شاہد بناکر پیش کی جانے والی طالبہ ماہ نور کو ساتھ بٹھا رکھا تھا جس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس بچی نے بتایا ہے کہ اس کا متعلقہ کیمپس سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس نے واقعے کی تفصیلات کسی اور سے سن کر وڈیو میں بیان کی تھی اور وڈیو میں کہا بھی تھا کہ اس کا اس کیمپس سے تعلق نہیں ہے مگر اس وڈیو کو ایڈٹ کردیا گیا۔مریم نواز کے مطابق یہ بچی وہ باتیں نہیں کرنا چاہتی تھی مگر ایک ٹیچر بچے نے اسے کہا کہ آپ یہاں آئی ہیں تو یہ باتیں کریں، مطلب کہ جھوٹ بولیں تاکہ یہ آگ لگے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ متاثرہ بچی عِزہ 2 تاریخ سے ہسپتال میں داخل تھی، اسکے والدین اسے دو، تین ہسپتالوں میں لے کر گئے کیونکہ گرنے سے اسکی ریڑھ کی ہڈی پر چوٹ لگی تھی، انہوں نے کہاکہ جس دن وہ جھوٹا واقعہ رپورٹ کیا جارہا ہے اس دن وہ بچی کالج میں تھی ہی نہیں۔انہوں نے کہاکہ جس چوکیدار پر الزام لگا وہ 4 دن کی چھٹی پر سرگودھا گیا ہوا تھا، اسے تحقیقات کے لیے وہاں سے حراست میں لیا گیا۔ انہوں نےکہا کہ وزیر تعلیم نے جب یہ کہا کہ بچے کہے رہیں کہ سی سی ٹی وی کا ریکارڈ مٹایا گیا ہے تو اسے بھی بنیاد بنادیا گیا۔

مریم نواز نے مزید کہاکہ پہلے کہانی گھڑی گئی، الزام لگایا گیا پھر متاثرہ بچی کو ڈھونڈتے رہے اور پھر وہ بیمار بچی عِزہ انہیں آئی سی یو میں پڑی مل گئی تو اسے ریپ کی وکٹم بنادیا، انہوں نے کہاکہ وہ بچی زیادتی نہیں ، گھٹیا سازش کا شکار بنی۔مریم نواز نے کہا کہ اس بچی کی ماں نے کہا کہ میری عِزہ سمیت 5 بیٹیاں ہیں ان کی شادیاں کیسے ہوں گی، حالانکہ اس کے والد او چچا نے وڈیو بیان میں کہا تھا کہ ہماری بچی کے ساتھ کچھ نہیں ہوا، خدارا ہمیں اس چیز سے نکالا جائے، تو میں آج اس خاندان کیلیے بات کرنے آئی ہوں کہ بیٹیاں، مائیں اور بہنیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔

مریم نواز نے کہاکہ وہ بچی میڈیا کے سامنے آنا چاہتی لیکن اس کی والدہ یہ نہیں چاہتیں ، اس لیے میں ان کی طرف سے یہ کہنا چاہتی ہوں کہ وہ بچی بالکل پاک صاف ہے، اس کے حوالے سے غلط باتیں کی گئیں۔مریم نواز نے مزید کہاکہ سوشل میڈیا پر طوفان اٹھایا گیا ، ایک لڑکے کی وائرل وڈیو 35 لاکھ ویوز ملے جس میں اس نے دعویٰ کیا تھا مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی وفات پاگئی ہے اور جب اسے پتہ چلا کہ کریک ڈاؤن شروع ہوگیا ہے تو وہ اب مذمت کررہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس چاہتی تھی کہ جس بچی کے بارے میں کہانی گھڑی گئی وہ مدعی بنے مگر میں سمجھتی ہوں کہ اس میں پنجاب حکومت کو مدعی بننا چاہیے کیونکہ ایک بچی کا نہیں سیکڑوں بچیوں اور طالبات کا کیس ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو درخواست دے دی گئی ہے کہ جو جو ملوث ہے، چاہے اس کا تعلق میڈیا سے ہو، چاہے پی ٹی آئی سے ہو یا پرویز الٰہی کی ق لیگ سے ہو، ان کی فیملی بھی اس میں بہت سرگرم ہے، جس کا بھی اس سے تعلق ہو، اسے فوری طور پر پکڑا جائے اور بھرپور کریک ڈاؤن کرکے تمام ملوث افراد کو سامنے لایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے