ضلعی انتظامیہ صحت کے معاملات کو بڑی سنجیدگی سے لے رہی ہے، جہانزیب شیخ
سبی(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اکبر سولنگی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قادر ہارون ، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر زیشان بشیر، ایمرجنسی سپیشلسٹ یونیسیف شیراز بلوچ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر گرمکھ داس ، سینئیر پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عبدالستار بلوچ، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی آصف بگٹی، اکاؤنٹس آفس سے عادل رضا و دیگر نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہانزیب شیخ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے معاملات کو بڑی سنجیدگی سے لے رہی ہے یہ عوام کا بنیادی حق ہے اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ برداشت نہیں کیا جا سکتا بنیادی صحت کے مراکز، آر ایچ سی اور ہسپتالوں میں غیر حاضر ملازمین کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ میں نے گاؤں تلی کا دورہ کیا تھا اس دوران آر ایچ سی تلی بند پایا گیا آر ایچ سی تلی کے تمام ملازمین کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے جائیں ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے عارضی اسامیوں کے لیے اخبارات میں اشتہارات جلد مشتہر کیے جائیں تاکہ ہیومن ریسوس کی کہیں کمی نہ ہو انہوں نے تمام ڈاکٹرز پر زور دیا ہے کہ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں غریب عوام کو سرکاری ہسپتالوں ودیگر مراکز صحت میں مفت ادویات و طبی سہولیات کی فراہمی ھے جس کیلئے حکومت بلوچستان کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ غریب لوگ حکومت کے ان اقدامات سے بھرپور انداز میں مستفید ہو سکیں انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا عملہ اپنا فریضہ نہایت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔