ہم اسے آئینی ترامیم نہیں بلکہ پی سی او کہیں گے،فواد چوہدری
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قائد اعظم محمد علی جناحؒ سے متعلق بیان کو شوشا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ آئینی ترمیم ہوگئی تو فیڈریشن، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کا عہدہ ختم ہو جائے گا اور ہم اسے آئینی ترامیم نہیں بلکہ پی سی او کہیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو تاریخ سے بالکل نابلد ہیں، قائد اعظم سے منسوب ان کا آئینی عدالت کا بیان شوشا ہے کیونکہ اس وقت برصغیر پاک و ہند میں تو کورٹ کا وجود ہی نہیں تھا بلکہ اس وقت ’پِری وی کونسل‘ ہوا کرتی تھی جس کا وجود لندن میں تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت قائد اعظمؒ نے قانونی معاملات کے حل کے لیے ’پِری وی کونسل‘ برصغیر میں قائم کرنے کی بات کی تھی نہ کہ کسی آئینی عدالت کے قیام کی، بلاول بھٹو کو کسی نے کہہ دیا ہوگا اور انہوں نے بول دیا۔