پاکستان میں بھارت کی نسبت کئی گنا زیادہ محبت ملی،ڈاکٹر ذاکر نائیک

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں، نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، جوہری قوت کے حامل اس ملک سے پوری اُمت مسلمہ کی اُمیدیں وابستہ ہیں، پاکستان میں بھارت کی نسبت کئی زیادہ محبت ملی۔

معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان کے معروف مبلغ مولانا طارق جمیل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور کہا کہ میری دیرینہ خواہش تھی کہ مولانا طارق جمیل سے ملوں، ان سے پہلے مکہ میں ملاقات ہوئی تھی لیکن یہاں پاکستان ان سے ملنے کا اپنا ہی ایک الگ مزہ ہے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ جب پاکستان آیا تو پاکستانی عوام کا جذبہ اور محبت دیکھ کر بہت زیادہ خوشی محسوس ہوئی ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا اس لیے پاکستان سے ہمیں بہت سی امیدیں ہیں۔انہوں نےکہا کہ میرا مقصد صرف ایک ہے کہ جو لوگ میرے خلاف باتیں کرتے تھے میں انہیں بلاتا ہوں اور چند عرصے بعد یہ لوگ میرے دوست بن جاتے ہیں۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستان آکر بے حد خوشی ہوئی، ہم بہت سارے مدارس میں گئے ہر جگہ محبت ہی ملی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارت میں وہ جب انگریزی میں تقریر کرتے تھے تو سب سنتے تھے لیکن جب اردو میں تقریر شروع کی تو میرے خلاف وہاں باتیں شروع ہو گئیں۔پاکستان آیا تو میری اردو کمزور ہونے کے باوجود یہاں لوگوں کے دلوں میں اللہ نے میری محبت ڈالی، آج یہاں پاکستان آیا تو دیکھا کہ بھارت سے کئی گنا زیادہ محبت مجھے یہاں ملی ہے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا ہمیں کامیابی تبھی ملے گی جس ہم ہم اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام کر لوگوں کو اللہ اور اس کے رسول کی طرف بلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج مسلمان دنیا کی آبادی کا 25 فیصد یعنی 2 ارب سے بھی زیادہ ہیں، 57 اسلامی ممالک ہیں لیکن اسلام کے دشمن ہمیں فٹبال کی طرح لاتیں مار رہے، قتل کر رہے ہیں لیکن ہم ایک لفظ نہیں بول سکتے، غزہ کو تباہ و برباد کر دیا گیا۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ اگر چند ایک اہم اسلامی ممالک ہی آپس میں ایک ہو جائیں تو کوئی ہمیں آنکھیں نہیں دیکھا سکتا، پاکستان واحد اسلامی جوہری توانائی کا حامل ملک ہے اس لیے توقع ہے کہ پاکستان اسلامی ممالک کو لیڈ کرے گا۔اس موقع پر پاکستان کے معروف مبلغ مولانا طارق جمیل نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا پر جوش استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو جن صفات سے نوازا ہے میں نے آج تک یہ صفات کسی میں نہیں دیکھیں۔

مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے دین اور اللہ کے پیغام کو دوسروں تک پہنچانے کے لیے ڈاکٹر کا پیشہ چھوڑا تو اللہ نے انہیں پوری دنیا میں مقبول بنا دیا۔مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک جو کام کر رہے ہیں اللہ پاک یہ صفات ان کے بیٹے کو بھی عطا کرے کیوں کہ ہمیں ان جیسے لوگوں کی اشد ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے