نہتے مزدوروں کے قتل کا کوئی بھی مذہب یا معاشرہ اجازت نہیں دیتا،نیشنل پارٹی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں گزشتہ شب دکی کے مقام پر بیس مزدوروں کی فائرنگ سے ہلاکت کو انسانیت سوز واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے اور غربت بھوک افلاس سے مجبور نادار مزدوروں کے قتل کا کوئی بھی مذہب یا مہذب معاشرہ اجازت نہیں دیتا نادار مزدور نہ کسی استحصال کا حصہ ہیں بلکہ خود سماجی نابرابری و استحصال کا شکار ہیں جن کا قتل قابل مذمت ہے،پارٹی بیان میں کہا گیاہے کہ حکومت لوگوں کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکا ہے اور ایسے دلخراش واقعات کو بھی روایتی سیاسی بیان بازی کے ساتھ نمٹانے کی کوشش کرتا ہے حکومت کی قانونی و آئینی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کرہے اس کے باوجود کان مالکان سے فی ٹن 220 روپے سیکورٹی فراہمی کے نام پر سیکورٹی فورسز وصول کرتے ہیں مگر تحفظ فراہم نہیں کرتے، پارٹی بیان میں واقع کی مذمت کرتے ہوئے مزدوروں کو شہید قرار دیکر ان کے خاندانوں کو تمام مراعات فراہم کرنے کا مطالبہ کیاہے اور اللہ تعالیٰ سے ان کے مغفرت و پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی ہے۔