ضمنی انتخابات پرامن انداز میں منعقد کرنے کیلئے تمام پولنگ سٹیشنوں کے باہر سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے،جہانزیب شیخ

سبی (ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی صدارت میں سبی کم لہڑی کی خالی نشست پر ہونے والےضمنی انتخابات کے سلسلے میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضمنی انتخابات کے پُرامن انعقاد، سیکورٹی انتظامات، ٹرانسپورٹیشن، کمیونیکیشن اور لاجسٹک پلان کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی اصغر مگسی، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ ، اسسٹنٹ کمشنر لہڑی لیاقت علی جتوئی، ایس پی بی سی ابراہیم بگٹی ، ڈی ایس پی سپیشل برانچ پیر بخش سیلاچی سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی متعلقہ محکموں نے اجلاس کواپنی اپنی محکمانہ ذمہ داریوں سے متعلق بریف کیا۔ اجلاس میں الیکشن میٹریل اور بیلٹ پیپرز کی محفوظ ترسیل سے متعلق مختلف امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سبی و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افیسر جہانزیب شیخ نے متعلقہ افسران کو ضمنی انتخابات کے لیے جامع اور مکمل سکیورٹی پلان بنانے کی ہدایت بھی کی ہے انہوں نے کہا کہ یہ ضمنی انتخابات پرامن انداز میں منعقد کرنے کیلئے تمام پولنگ سٹیشنوں کے باہر سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے ان کی ذمہ داریوں میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے محفوظ ماحول کی فراہمی، ریٹرننگ افسران کے دفتر کی سکیورٹی، پولنگ بیگز کی نقل و حمل کے دوران پریذائیڈنگ افسران کو سکیورٹی، ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ سٹیشنوں تک سکیورٹی، آر او آفسز میں انتخابی مواد کی نقل و حمل کے دوران سکیورٹی، پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ اور گنتی مکمل ہونے کے بعد سکیورٹی اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ریکارڈ کی وصولی کی سکیورٹی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی شہریوں کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے