کراچی،جناح ایئرپورٹ کے قریب دھماکا، 3 غیرملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک، 17 زخمی
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر سگنل کے قریب بم دھماکے میں 3 غیرملکی شہریوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق، گزشتہ رات ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والے تینوں غیرملکی شہریوں کی شناخت کرلی گئی ہے، مرنے والوں کی شناخت لی جون، وہ چون زن اور لی زہاؤ کے نام سے ہوئی ہے۔ گزشتہ رات ہونے والے دھماکے سے متعلق ابتدائی طور پر کہا جارہا تھا کہ دھماکا آئل ٹینکر میں ہوا جس کے بعد ہر طرف دھویں کے بادل پھیل گئے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں غیر ملکیوں سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں پولیس، رینجرز اہلکار اور دیگر افراد شامل ہیں۔ دھماکے سے مجموعی طور پر 12 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ متاثرہ گاڑیوں میں ایک پولیس موبائل اور 2 رکشے بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق دھماکے میں بارودی مواد کے استعمال کے حوالے سے بی ڈی تحقیقات کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر بی ڈی نے جائے وقوعہ کو کلیئر کر دیا ہے، دھماکے میں متاثرہ گاڑیوں کو چھان بین کے بعد جائے وقوعہ سے ہٹایاجائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے میڈیا کو ابتدائی معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں غیرملکیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں ایک غیر ملکی شہری زخمی ہوا ہے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہیں، جن میں 4 پولیس اہلکار، رینجرز اور خاتون سمیت عام افراد بھی شامل ہیں۔ اسپتال حکام کے مطابق، دھماکے میں زخمی ہونے والے 17 شہری مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
پاکستان میں چینی سفارتخانے نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔ چینی سفارتخانے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے لیے کام کرنے والے ورکرز نشانہ بنے، دھماکے میں 2 چینی باشندے ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ چینی سفاتخانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو کڑی سزا ملنی چاہیے، انہوں نے پاکستانی حکومت سے حملے کی تحقیقات اور چینی باشندوں کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی شہریوں، کاروباری اداروں اور پروجیکٹس کو سیکیورٹی اقدامات مزید مضبوط بنانے اور ہر ممکن تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کو فون کیا اور دھماکے کی نوعیت کی رپورٹ طلب کی ہے، وزیراعلیٰ نے واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ایئرپورٹ کی طرف آنے اور جانے والیراستے بحال رکھیں۔
ایس ایس پی ساوتھ ساجد سدوزئی کے مطابق، پولیس اہلکارسمیت متعدد زخمی جناح اسپتال منتقل کیے گئے ہیں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے، زخمی پولیس اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے، دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے میں وقت لگے گا، دھماکے کے بعد آگ لگنیسے نقصان ہوا ہے، جب تک فارنزک رپورٹ نہیں آتی مقامی پولیس کوئی بیان نہیں دے گی، آگ ابتدائی طور پر آئل ٹینکر میں ہی لگی، آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے بعد دھماکا ہوا۔
جناح اسپتال میں موجود زخمی خاتون تسلیم نے واقعہ کے حوالے سے بتایا کہ میں بیٹے اور پوتے کے ساتھ موٹرسائیکل پر گزر رہی تھی، ہمارے آگے پولیس اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اہلکار تھے، اچانک دھماکا ہوا، کچھ چیزیں مجھے آکر لگیں، اس کے بعد مجھے یاد نہیں، میرا بیٹا اور پوتا محفوظ ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق، 12 گاڑیوں کو آگ لگنے سے نقصان پہنچا، فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی، 7 گاڑیاں، 2 رکشوں، 2 موٹرسائیکلوں اور ایک پولیس موبائل میں آگ لگی۔