چشمہ اچو زئی میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے میں لینڈ مافیا کی فائرنگ سے ہمارے چار افراد شہید ہوئے،نواب سلمان خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے سینئر نائب صدر نواب سلمان خلجی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے نواحی علا قے چشمہ اچو زئی میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے میں لینڈ مافیا کی فائرنگ سے ہمارے چار افراد شہید ہوئے، علاقے میں آپریشن کے نام پر خواتین بچوں کو نشانہ بنا نے کے ساتھ ساتھ چاردر اور چار دیواری کی پامالی بھی کی گئی، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے تو مجبوراً احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ نواب سلمان خلجی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے چشمہ اچوزئی واقعے کو چند عناصر غلط تاثر دے رہے ہیں چشمہ اچوزئی کے عوام کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی انکی فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ لینڈ مافیا کی فائرنگ سے ہمارے 4 نوجوان شہید ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ چشمہ اچو زئی میں آپریشن کے نام پر خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا،چاردر اور چار دیواری کی پامالی بھی کی گئی کے خلاف خلجی قوم کل سے بلیلی چوک پر سراپا احتجاج ہے لیکن ہماری آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نہتے لوگوں کو شہید و زخمی کرنے والوں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے تو مجبوراً احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مرکز نے بلوچستان پر ظالموں کا ٹولہ مسلط کر دیا جن کا کام عوام املاک پر قبضہ کرنا اور مظلوموں کو شہید کرنا ہے چالیس سے 45افراد کی آڑ میں پوری آبادی کو اجاڑنا کہاں کا انصاف ہے؟، بلو چستان میں ہماری جان و مال محفوظ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تواگلے مرحلے میں میتوں کے ہمراہ بلوچستان اسمبلی، یا ریڈ زون میں احتجاج کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے