بھارتی فضائیہ کے ائیرشو میں بدنظمی اور ہیٹ اسٹروک کے باعث 5 افرد ہلاک
(ڈیلی گرین گوادر) بھارتی شہر چنئی میں فضائیہ کے ائیرشو کے دوران ہیٹ اسٹروک سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی کے مرینا ساحل پر بھارتی ائیر فورس کے ائیر شو میں بد نظمی کا واقعہ پیش آیا۔بھارتی میڈیا نے بتایاکہ تماشائیوں کو ساحل پرائیرشو کو دیکھنے کے لیے 3 گھنٹے دھوپ میں کھڑے رہنا پڑا اور شو کے اختتام پر خارجی راستوں پر بھی افراتفری رہی جس دوران لوگوں کی اموات ہوئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیٹ اسٹروک اور بدنظمی کے باعث 5 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ائیر شو کی جگہ پر تماشائیوں کیلئے پینےکے پانی کے مناسب انتظامات بھی نہیں تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد بھارتی ائیر فورس کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھائےجارہے ہیں کیونکہ انڈین ائیر فورس نے ائیر شو میں 15 لاکھ لوگوں کی شرکت کا کہہ کر نیا ورلڈ ریکارڈ بنانے کا عزم کیا تھا۔